خبرنامہ پاکستان

کرپٹ سیاستدانوں کیخلاف انکوائریاں جاری ہیں: نیب

سکھر:(آئی این پی) ڈی جی نیب الطاف باوانی نے کہا ہے کہ دو سیاستدانوں کے خلاف کرپشن کی انکوائری جاری ہے ۔ سکھر آئی بی اے ہال میں کرپٹ افسران سے برآمد کی جانے والی رقم سندھ حکومت کو دئیے جانے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت میں ڈی جی نیب الطاف باوانی نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے میں لوگوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا صرف میں اکیلے کرپشن کا خاتمہ نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا اگر لوگ کرپشن دیکھ رہے ہیں آگے آئیں ہمیں درخواست دیں ہم کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دو سیاستدانوں عبدالستار راجپر اور روف کھوسو کے خلاف کرپشن کے حوالے سے انکوائری چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم گیارہ ملین روپے کے لگ بھگ قومی دولت کرپٹ افسران سے برآمد کر کے حکومت کے حوالے کر چکے ہیں ، مزید کرپشن کی انکوائریاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیب سکھر اب تک کم و بیش ایک ارب روپے کی رقم برآمد کر کے حکومت کے خزانے میں جمع کرا چکے ہیں ۔ انہوں نےکہا کہ نیب کی کارروائیوں کے بعد اب یہ ممکن نہیں رہا ہے کہ سرکاری افسران حکومتی خزانے سے لوٹ مار کر سکیں ۔ تقریب میں ڈی جی نیب الطاف باوانی نے سپیشل سیکرٹری فنانس حسن نقوی اور سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے زونل انچارج کو کرپٹ افسران سے برآمد کی جانے والی رقم کے چیک دئیے ۔ تقریب میں کمشنر سکھر عباس بلوچ اور ڈی آئی جی اظہر رشید خان سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔