خبرنامہ پاکستان

کسی سے تعلق کا مطلب قتل کرنے کا لائسنس نہیں ہوتا: وزیر داخلہ سندھ

کسی سے تعلق کا مطلب قتل کرنے کا لائسنس نہیں ہوتا: وزیر داخلہ سندھ

کراچی:(ملت آن لائن) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ نقیب، انتظار اور مقصود قتل کیس کی میرٹ پر تحقیقات ہو رہی ہیں، ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی سے تعلق کا مطلب لائسنس ٹو کل نہیں ہوتا۔ کراچی میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اے آئی جی، انتظار اور نقیب کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے افسران، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں راؤ انوار کے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہونے کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے نقیب اللہ محسود کیس میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس کے بعد سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق تفتیش درست سمت میں جارہی ہے۔ بلاول بھٹو نے تینوں کیسز کا نوٹس لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کیس کی ایف آئی آر آج درج ہوگی۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد باقاعدہ تفتیش کا آغاز ہوگا۔ میرٹ پر تحقیقات ہورہی ہیں ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔ ’کسی سے تعلق کا مطلب لائسنس ٹو کل نہیں ہوتا۔ کسی کو کہیں بھی اجازت نہیں کہ بے گناہ افراد کو قتل کرے‘۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ راؤ انوار کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا چاہیئے۔ راؤ انوار نے تحفظات کا اظہار کیا ہے تو ان کو بھی دیکھا جائے گا۔ ’راؤ انوار کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ راؤ انوار کو تحقیقاتی ٹیم پر اعتراض ہے تو آئی جی کے سامنے پیش ہوں۔ ’سندھ حکومت کسی کو بھی بچانے کی کوشش نہیں کر رہی‘۔