خبرنامہ پاکستان

کوئٹہ،خودکش حملہ آور نےبکتربند گاڑی کے قریب خود کو اڑا ليا

بلوچستان کے علاقے دشت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران خود کش حملہ آور نے بکتر بند گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کمپاؤنڈ میں موجود خاتون،بچہ اور ایک دہشت گرد مارے گئے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے دہشت میں واقع مکان پر چھاپہ مارا۔ اس دوران گھر کے اندر چھپے دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہل کاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے خاتون اہلکار سمیت 5سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کردیا گیا۔

دہشت گردوں کی جانب سے حملے میں راکٹ لانچر اور دستی بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کی جانب سے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں خاتون اور ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے، جو دہشت گردوں کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔

آپریشن کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے سیکیورٹی اہل کاروں کی بکتر بند گاڑی کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، تاہم دھماکے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دشت کے علاقے تیرا میل میں شدید فائرنگ کے ساتھ دو دھماکے بھی سنے گئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق علاقے میں آپریشن گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر کیا گیا۔

دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، جو علاقے میں دہشت گردانہ کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ آپریشن کے دوران کمپانڈ سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور خودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہیں۔ آپریشن میں سی ٹی ڈی کے علاوہ ایف سی، حساس اداروں اور پولیس نے بھی حصہ لیا۔