خبرنامہ پاکستان

کچی آبادیوں کا کیس: چاروں صوبائی حکومتیں سفارشات پرجواب جمع کرائیں، سپریم کورٹ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ میں کچی آبادیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کے پی اوربلوچستان نے جواب جمع کرا دیے، پنجاب اورسندھ نے جوابات جمع نہیں کرائے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں کچی آبادیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کے پی اوربلوچستان نے جواب جمع کرا دیے ہیں، جواب عدالتی معاون بلال منٹوکی سفارشات پردیا گیا۔

بلال منٹو نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ سفارشات میں نے اورقانون وانصاف کمیشن نے تیارکی ہیں، ہرہاؤسنگ سوسائٹی میں کم قیمت گھروں کا حصہ ہونا چاہیے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے کہا کہ کم قیمت گھروں کا ایکٹ بنایا ہے، اس میں کوئی کمی ہے تو دورکردیں گے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جامع رپورٹ پیش کی ہے، کے پی میں کچی آبادیوں سے متعلق قانون موجود ہے، پنجاب اورسندھ نے جوابات جمع نہیں کرائے۔

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ چاروں صوبائی حکومتیں سفارشات پر جواب جمع کرائیں، وفاقی حکومت نے بھی کم قیمت گھروں سے متعلق جواب جمع کرا دیا۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے 10 دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کچی آبادیوں سے متعلق کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔