خبرنامہ پاکستان

کیوبا پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے:کیوباسفیر جبریل تائل

اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر جبریل تائل کاپوت نے کہا ہے کہ کیوبا پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارت کو بہتر کرنے کے عمدہ مواقع موجود ہیں، پاکستان کیوبا کو ٹیکسٹائل، فیبرکس، چاول، آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات اور کھیلوں کے سامان سمیت دیگر مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جبکہ کیوبا پاکستان کو بائیو ٹیکنالوجی اور فارماسوٹیکلز مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کیوبا کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا صحت و تعلیم، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دے کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا نے شمال مغربی علاقے میں موجود اپنی بندرگاہ کے قریب سرمایہ کاروں کیلئے ایک اقتصادی زون قائم کیا ہوا ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کار الیکٹرانکس، کیمیکلز، کمپیوٹرز، بائیوٹیکنالوجی اور فارمیسی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے سرمایہ کار کیوبا کے مذکورہ زون میں دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا ہر سال اپنے دارالحکومت ہوانا میں بین الاقوامی تجارتی نمائش منعقد کرتا ہے ،اس سال یہ ٹریڈ فیئر نومبر میں منعقد ہو گا، پاکستان کی تاجر برادری کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ اس تجارتی میلے میں شرکت کر کے اپنی مصنوعات کی نمائش کرے اور کیوبا کے ساتھ باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے نئے مواقع تلاش کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس مخصوص شعبوں پر مشتمل اپنا ایک وفد کیوبا لے جانے پر غور کرے اور یقین دلایا کہ وہ وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا کی باہمی تجارت 2015ء میں صرف 5.6 ملین ڈالر تھی جو کسی بھی لحاظ سے حوصلہ افزاء نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود اور نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کی حوصلہ افزائی کر کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات میں بہتری لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوڈ پراڈکٹس سمیت متعدد مصنوعات کیوبا کی مارکیٹ میں اپنا مقام بنانے کی عمدہ صلاحیت رکھتی ہے جبکہ پاکستان خاص طور پر میڈیکل سائنس اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں کیوبا کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ پاکستان اور کیوبا براہ راست پروازوں سمیت کمیونیکیشن روابط کو بہتر کرنے پر توجہ دیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی پاکستان اور کیوبا کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔