خبرنامہ پاکستان

گرین لائن بس،دیگر بڑے شہروں کیلئے بھی ایسے منصوبے بلا تاخیر شروع کئے جائیں،جہانگیر خان ترین

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ گرین لائن بس منصوبہ کراچی کیلئے انتہائی ضروری ہے ،دیگر بڑے شہروں کیلئے بھی ایسے منصوبے بلا تاخیر شروع کئے جائیں، پاک بھارت کرکٹ سیریز سے دونوں ممالک کے درمیان کھیل کو فروغ حاصل ہوگا،کرکٹ سیریز میں کامیابی کیلئے پوری قوم دعاگو ہے،قومی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور کھیل کو فروغ حاصل ہوگا ۔ انھوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم کا تجربہ ہماری ٹیم سے زیادہ ہے لیکن جب کرکٹ سیریز کا آغاز ہوگا تو پاکستانی ٹیم تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کھیل کے میدان میں بھارت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف قومی اداروں میں اصلاحات لانے کے لئے ہمیں سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرین لائن بس منصوبے کراچی کیلئے انتہائی ضروری ہے اوردیگر بڑے شہروں کیلئے بھی ایسے منصوبے بلا تاخیر شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ کی عوام کے مسائل حل نہیں کر رہی،دیہی علاقوں میں صحت اور تعلیمی مراکز کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ سندھ حکومت کیا کر رہی ہے ۔