خبرنامہ پاکستان

ہریانہ میں ہنگامے، دوستی بس اور سمجھوتا ایکسپریس معطل

ہریانہ:(آئی این پی)بھارت کی ریاست ہریانہ میں ہنگاموں کے بعد پاکستان نے پہلے دوستی بس سروس معطل کی، پھر بھارتی حکام کی درخواست پر سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کی روانگی بھی منسوخ کر دی۔بھارتی حکام نے پاکستان ریلویز کو باقاعدہ خط لکھ دیا، کہا کہ ہریانہ میں احتجاج ہو رہا ہے، سمجھوتہ ایکسپریس عارضی طور پر منسوخ کر دی جائے۔ٹرین ہر پیر اور جمعرات کو پاکستان اور بھارت کے درمیان چلتی تھی، تاہم بھارت کی جانب سے کلیئرنس تک ٹرین رکی رہے گی۔ہریانہ میں ہنگاموں کے باعث لاہور اور دہلی کے درمیان چلنے والی دوستی بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ منیجر پی ٹی ڈی سی کرنل ریٹائرڈ خالد نے جیو نیوز کو بتایا کہ دوستی بس نے پیر کی صبح سات بجے لاہور سے دہلی کے لیے روانہ ہونا تھا، 20 مسافروں نے بکنگ کرا رکھی تھی، انہیں بس سروس کی معطلی کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کرنل ریٹائرڈ خالد کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام سے کلیئرنس ملنے کے بعد دوستی بس سروس بحال کی جائے گی۔