خبرنامہ پاکستان

ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، نواز شریف

اسلام آباد:(اے پی پی)وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا کامیابی کے ساتھ خاتمہ کررہے ہیں۔ خطے میں امن واستحکام کے لیے ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار لندن اسکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹر کریگ کالہون سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان کے بہترین مستقبل کو یقینی بنارہے ہیں ۔ پاکستان کی معیشت مستحکم اور مزید ترقی کررہی ہے ،ڈائریکٹر ایل ایس ای کریگ کالہون نے اس موقع پر کہا کہ لندن اسکول آف اکنامکس میں جناح چیئر قائم کرنے پر غور کررہے ہیں ۔چیئر قائم کرنے کا مقصدبانی پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کرناہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے متعلق ایک نئی امید جاگی ہے، پاکستان اور خاص طور پر کراچی میں امن ومان کی صورتحال بہترہورہی ہے، مثبت اقتصادی اشاریوں سے پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر ہوا ہے۔ ایل ایس ای پارلیمنٹرینز کو اپنے تجربات سے آگاہ کریگا۔ ملاقات میں طلبہ کے تبادلے اور محققین کو سہولتیں فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔