خبرنامہ پاکستان

آئیڈیاز 2018: پاکستانی کمپنی کا بجلی کےجھٹکوں سےمحفوظ رکھنےوالا لباس متعارف

کراچی:(ملت آن لائن) دفاعی نمائش آئیڈیا 2018 کے دوران ایک پاکستانی کمپنی نے ایسا لباس متعارف کروایا ہے جو بجلی کے جھٹکوں اور جلنے دونوں سے محفوظ رکھے گا۔

انسانی زندگی انمول اور اس کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں صنعتی حادثات میں مرنے والوں کی شرح بہت زیادہ ہے۔

خصوصاً انڈسٹری اور بجلی کے کارخانوں میں سالانہ درجنوں افراد بجلی کا جھٹکا لگنے سے یا جل کر ہلاک یا عمر بھر کے لیے معذور ہوجاتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ دفاعی نمائش آئیڈیا 2018 میں ایک پاکستانی کمپنی ایسکورٹ ایڈوانسڈ ٹیکسٹائل پرائیویٹ لمیٹڈ (Escorts advanced textile private limited) نے ایسا لباس تیار کیا ہے جو بجلی کے جھٹکے اور جلنے دونوں سے محفوظ رکھے گا۔

لاہور بیسڈ اس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شیر محمد نے بتایا کہ یہ لباس ایسے کپڑے سے تیار کیا جاتا ہے، جو الیکٹرک فائر یعنی سخت قسم کے بجلی کے جھٹکے کے خلاف مزاحمت کرکے جسم کو جلنے سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس لباس میں سے ہوا کا گزر باآسانی ہوسکتا ہے اور یہ واش ایبل ہے، یعنی اسے دھویا بھی جاسکتا ہے۔

اس لباس کی تیاری کے لیے خام میٹریل امریکا سے آتا ہے، لیکن اس کا دھاگا اور کپڑا پاکستان میں بنتا ہے اور یہیں پر اس کی سلائی کرکے اسے پوری دنیا میں بھیجا جاتا ہے۔

اس مخصوص لباس کی قیمت 12 ہزار پاکستانی روپے کے قریب ہے، تاہم دستانے، موزے اور ہیلمٹ وغیرہ کی قیمت اس کے علاوہ ہے۔