خبرنامہ پاکستان

2نومبر کے بعد اسٹیٹس کو کی قوتوں کے آگے مضبوط بند باندھ دیں گے: جہانگیر ترین

اسلام آباد (ملت + آئی این پی ) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہاہے کہ نواز شریف کے جرائم ثابت کرنے کیلئے کسی عدالت یا اس کے فیصلے کی ضرورت نہیں،نواز شریف کے جرائم مکمل شواہد اور دستاویز کے ساتھ تحقیقاتی کے بین الاقوامی کنسورشیم نے دنیا کے سامنے بے نقاب کئے ،عدالتوں پر یلغار کی تاریخ رکھنے والوں سے عدالت کے فیصلے کے انتظار کی تکرار باعث تعجب ہے،یرغمال پاکستان اور اسکے محروم باشندوں کے مستقبل کیلئے کئی گنا بڑی کشمکش کیلئے تیار رہنا ہو گا،2 نومبر کے بعد اسٹیٹس کو کی قوتوں کے آگے مضبوط بند باندھ دیں گے۔ہفتہ کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے بیان پراپنے ردعمل میں جہانگیرترین نے کہاکہ پانامہ لیکس کا ایک ایک صفحہ نواز شریف اور اسکے خاندان کی سیاہ کاریوں کی داستان سنا رہا ہے،عدالت میں جاری مقدمہ حقیقت میں خود ساختہ فرعون کو قانون کے تابع کرنے کی ایک کوشش ہے۔تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل نے کہاکہ عدالتوں پر یلغار کی تاریخ رکھنے والوں سے عدالت کے فیصلے کے انتظار کی تکرار باعث تعجب ہے،لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود نواز شریف نے ممنوعہ علاقوں میں پوری ڈھٹائی سے شوگر ملیں لگائی گئیں۔انہوں نے کہاکہ عدالت کو نواز شریف کی معصومیت یا مجرم ہونے سے زیادہ انکی فرعونیت اور نظام کے کھوکھلے پن پر فیصلہ صادر کرنا ہے۔عدالت کے سامنے یہ سوال آئیں گے کہ ان گنت اداروں کی موجودگی میں سپریم کورٹ ہی کے سامنے کیوں یہ مقدمہ لایا گیا؟۔انہوں نے کہاکہ انتہائی مفصل شواہد کی موجودگی میں نیب, ایف آئی اے, ایف بی آر سمیت تمام ادارے مفلوج کیوں ہیں؟ ریاست کی بنیادوں پر عملی ضرب لگانے والے شخص اور اسکے خاندان کے احتساب کیلئے قوم سڑکوں پر نکلنے پر کیوں مجبور ہے؟ ۔ ترین نے کہاکہ یرغمال پاکستان اور اسکے محروم باشندوں کے مستقبل کیلئے کئی گنا بڑی کشمکش کیلئے تیار رہنا ہو گا۔2 نومبر کے بعد اسٹیٹس کو کی قوتوں کے آگے مضبوط بند باندھ دیں گے۔