خبرنامہ پاکستان

2017 ءتک قومی گرڈ میں 9 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوگا

اسلام آباد:(اے پی پی)سیکریٹری پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ 2017 ءکی سردیوں تک قومی گریڈ اسٹیشن میں 9 ہزار 90 میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہوجائے گا، وزیراعظم نے توانائی کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی انرجی کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران سال 2015 ءمیں بجلی کی پیداوار مستحکم رہی، مؤثر مانیٹرنگ اور حکمت عملی سے لائن لاسز میں 5 اعشاریہ 8 فیصد کمی ہوئی، 51 ارب روپے کی وصولیوں میں اضافہ جبکہ 10 ارب روپے لائن لاسز کی مد میں بچائے گئے۔ سیکریٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ ملک میں تیل کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے، گذشتہ سال کے دوران بجلی کی پیداوار پہلی مرتبہ 17 ہزار میگا واٹ تک پہنچی۔ وزیراعظم نے توانائی کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام منصوبوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں، بجلی کی اضافی پیداوار سے نا صرف لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی بلکہ معاشی اور دیگر منصوبوں کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوگی۔ اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف شریک ہوئے۔