خبرنامہ پاکستان

جج کیخلاف ریفرنس نوازشریف کا اعلان جنگ ہے، شیخ رشید

راولپنڈی(ملت آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کے جج کے خلاف ریفرنس نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے۔

جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ایاز صادق کو جاتی عمرہ بلا کر یہ فیصلہ کیا گیا، نوازشریف ہمیشہ قربانی کے بکروں کا سہارا لیتے ہیں اور ان کے پاس ایسے کئی بکرے موجود ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ انہوں نے کسی قیمت پر بھی نیب کے سامنے پیش نہیں ہونا، انہوں نے آئین و قانون سے بغاوت کا اعلان کردیا ہے، نوازشریف نے ان ججز کے فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا جن کا فیصلہ انہوں نے ماننے کا کہا تھا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے جے آئی ٹی کے خلاف کوئی ریفرنس یا اپیل فائل نہیں کی، جے آئی ٹی میں پیش ہوئے لیکن اب نوازشریف ایک نفسیاتی مسئلے میں پڑ گئے ہیں اور یہ لڑائی نوازشریف کی ہی ہدایت پر شروع کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے، انہوں نے جس راستے کا انتخاب کیا ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، سسٹم کو شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ جسٹس کھوسہ مستقبل کے چیف جسٹس ہیں۔

شیخ رشید نے نیب میں حدیبیہ پیپر ملز کے بارے میں نوٹس بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔