خبرنامہ پاکستان

جماعت اسلامی کے وزراء آستین کے سانپ ہیں: شوکت یوسفزئی

جماعت اسلامی کے وزراء آستین کے سانپ ہیں: شوکت یوسفزئی

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات و رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ان کے اتحادی جماعت اسلامی کے وزراء آستین کے سانپ ہیں اور وہی پشاور کی ترقی میں بڑی رکاوٹ رہے ہیں۔ شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان پر افسوس ہوا، وہ سادہ نہ بنیں، 5 سال اقتدار کے مزے لیے ہیں تو ذمہ داری بھی لیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی ترقی کا مںصوبہ ہے، پی ٹی آئی اس کی ذمہ داری لیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی نگرانی میں بن رہا ہے اور یہ شفاف منصوبہ ہے، کیڑے نکالنے کی کوشش نہ کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ 5 سال جماعت اسلامی نے بھی اقتدار کے مزے لوٹے ہیں، اگر کوئی خرابی تھی تو امیر جماعت اسلامی کیوں خاموش تھے؟ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جاتے جاتے ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی عادت جماعت اسلامی سے نہیں گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کی ترقی میں بڑی رکاوٹ جماعت اسلامی کے وزیر رہے جو کہ آستین کے سانپ نکلے ہیں جب کہ آئندہ جماعت اسلامی کو کبھی حکومت میں شامل نہیں کریں گے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے ترجمان امیر العظیم نے شوکت یوسف زئی کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ شوکت یوسف زئی زیادہ جذباتی اور ناقابل فہم گفتگو کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سراج الحق نے خوداحتسابی کی بات کی جو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان بھی کرتےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے باعث ہی کے پی کے حکومت 5 سال پورے کررہی ہے۔ یاد رہے کہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے۔