پانامہ لیکس

پاناماکیس کا فیصلہ،سیاسی رہنماؤں اور وکلاء نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑادیں

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کے رہنماؤں اور وکلاء نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سپریم کورٹ کے احاطے کو سیاسی اکھاڑہ بنا لیا ، دونوں جماعتوں کے افراد ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ کر نعرے لگاتے رہے ، ایک دوسریسے دھکم پیل بھی کی ۔تفصیلات کے مطابق جونہی پانامہ کیس کے فیصلے کا اعلان ہوا مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور وکلاء نے سپریم کورٹ کے احاطے میں بنے ڈائس پر آکر وزیراعظم ،نوازشریف اور رو عمران رو ، گو عمران گو کے نعرے لگانے شروع کر دیے ۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ساتھی رہنماؤں اور وکلاء کے ہمراہ باہر نکلے تو تحریک انصاف کی طرف سے بھی گونوازگو کے نعرے لگانا شروع کردیے گئے ، دونوں طرف سے ایک دوسرے کو چندلمحات کیلئے دھکے بھی دیے گئے تاہم عمران خان کے باہر نکلتے ہی پی ٹی آئی کے افراد منتشر ہوگئے ۔