پانامہ لیکس

پانامہ کیس ملکی تاریخ کا حصہ بن چکا ہے‘ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے: رشید

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پانامہ کیس ملکی تاریخ کا حصہ بن چکا ہے‘ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے یہ جسٹس سجاد علی شاہ کا دور نہیں ‘ پوری امید ہے عدالت عظمیٰ سے کرپشن کا تابوت نکلے گا‘ عدالت عظمیٰ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد امن و امان قائم کرنے کے لئے تمام اداروں کو طلب کرسکتی ہے‘ میں بیس کروڑ عوام کے دلوں میں دفتر بنا چکا ہوں‘ (ن) لیگ ہتھیار ڈالنے اور عوام سے لڑنے کی تیاری کررہی ہے۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوگئی ہیں پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میکں فیصلہ جوجائے گا توقع ہے کہ پیر کو ایوان میں فوجی عدالتوں کے بل پر ووٹنگ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ ہر زبان پر ہے میرا خیال ہے کیس میں عوام کامیاب ہوں گے۔ پانامہ کیس میں عدالت عظمیٰ سے ہر صورت سیاسی تابوت نکلیں گے 23 مارچ 1940 کے بعد اب 23مارچ 2017 پاکستان کی تکمیل اور تعمیر پاکستان کا دن ہوگا۔ آئین کے تحت سپریم کورٹ کو اختیار ہے کہ پانامہ کیس کے حوالے سے تمام اداروں کو معاونت کے لئے طلب کرسکتی ہے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی آئے اس پر عمل درآمد کرانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے عدالت عظمیٰ اختیارات استعمال کرسکتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میرا لاہور میں بیٹھنا کچھ لوگوں کو گوارہ نہیں میں صرف لاہور نہیں بیس کروڑ عوام کے دلوں میں دفتر بنا چکا ہوں پانامہ کیس ملکی تاریخ کا اہم ترین مقدمہ ہے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے یہ جسٹس سجاد علی شاہ کا دور نہیں۔ عوام رات کو اپنی مرضی سے ٹی وی ٹاک شو دیکھتے ہیں اس وقت میڈیا سب سے مضبوط پارٹی ہے۔ پانامہ کیس ملکی تاریخ کا حصہ بنتا جا رہا ہے جن لوگوں نے قطری خط کا غلط مشورہ دیا وہ آج اور مختلف مشورے دے رہے ہیں وزیراعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل 62 کے حوالے سے ریفرنس دائر کیا جس کا فیصلہ جلد آنے والا ہے (ن) لیگ کو فیصلے کی تاریخ کا علم نہیں یہ ہتھیار ڈالنے اور عوام سے لڑنے کی تیاری کررہے ہیں۔ (ن غ/ ا ر)