لاہور(آئی این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آف شور کمپنیوں کا شور مچانے والی سیاسی شور کمپنیاں ہیں۔آسمان سرپراٹھانے والے خود آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے ہیں،سیاسی مخالفین 2018کے انتخابات سے خوفزدہ ہیں‘دین سے دوری مسائل کی بنیادی وجہ ہے ‘موجودہ حالات میں دینی و دنیاوی تعلیم کا حصول وقت کا اہم تقاضا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے جامع مسجد ارقم ضمیر دارلسلام ایجوکیشنل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھااور کہا کہ دین سے دوری مسائل کی بنیادی وجہ ہے اور موجودہ حالات میں دینی و دنیاوی تعلیم کا حصول وقت کا اہم تقاضا ہے۔احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آف شور کمپنیوں کا شورمچانے والی سیاسی شورکمپنیاں ہیں،آسمان سرپر اٹھانے والے خود آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے ہیں،ٹی آر اوز پر پارلیمانی کمیٹی بن چکی ہے جلد کمیشن قائم ہوجائیگا،اس لیئے سیاسی مخالفین کو ٹاک شوز اور جلسوں میں عدالتیں نہیں لگانی چاہیں،ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں ہونے دیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آزاد احتساب کمیشن کے قیام کیلئے سنجیدہ ہے اور مخالفین آزاد احتساب کمیشن کا قیام نہیں چاہتے،سیاسی مخالفین 2018کے انتخابات سے خوفزدہ ہیں۔اقتصادی راہداری کے باعث ملکی معیشت مسلسل ترقی کر رہا ہے
پانامہ لیکس
آف شورکمپنیوں کا شورمچانےوالےسیاسی شورکمپنیاں ہیں: احسن