پانامہ لیکس

اب جے آئی ٹی کا کوئی فائدہ نہیں , خورشید شاہ

آصف زرداری کو احتساب کے نام پر11سال جیل میں رکھا گیا، اپنے گریبانوں میں جھانکو،مور کی طرح پیر دیکھو گے تو سب پتا چل جائے گا
لاہور(ملت آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانچوں ججز نے قطری خط کو مسترد کیا، جب قطری خط جھوٹا ہو گیا تو پھرجے آئی ٹی فضول ہے ۔ انٹرنیشنل کرائم میں ملوث لوگوں کو دوسروں پر الزامات نہیں لگانا چاہئیں۔ بدقسمتی سے ملک کا سربراہ اپنے آپ کو جانور سے تشبیہ دیتا ہے ۔سکھر میں کینسر اسپتال کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے لیکن وزیر اعظم خود کو جانور کہہ کر خوش ہوتے ہیں، جانور کی سوچ کیا ہوتی ہے ، وہ سامنے ہے ، کہتے ہیں کہ شیر آئے گا اور سارے کبوتروں کو کھاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی نہیں، بجلی نہیں، گیس نہیں، لیکن موٹے موٹے پروجیکٹ ضرور نظر آئیں گے ، ہمارا کام صرف ووٹ لینا نہیں وعدے پورے کرنا بھی ہے ، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ روہڑی میں گرلز ڈگری کالج بنائیں گے ، لاہور میں عوام کے پیٹ کاٹ کر میٹرو، اورنج ٹرین کے لیے سبسڈی دی جائے گی۔ہمارا ہر ایکشن قانونی اور سیاسی ہوگا، ہم کچھ کرتے تو کہا جاتا کہ حکومت کو چلنے نہیں دیا گیا،اپنے گریبانوں میں جھانکو،مور کی طرح پیر دیکھو گے تو سب پتا چل جائے گا۔ ان لوگوں نے زرداری صاحب کو 11 سال جیل میں ڈال کر احتساب کیا ، ڈان لیکس کے مسئلے پر وزیر اعظم کہتے ہیں کہ آرمی چیف کو مطمئن کر دیا ہے ۔نیلم جہلم تو ہمارے دور کا پراجیکٹ تھا ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت کو وعدے پورے کرنے کے لئے چار سال دیئے ۔ اگر وقت نہ دیتے تو کہتے کہ ہمیں موقع نہیں دیا گیا ۔ عمران خان اور فضل الرحمان سے اتحاد سے متعلق سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے ۔ دشمنوں کو دوست اور دوستوں کو دشمن بنتے دیکھا ہے