اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی خیالی ستونوں پر مبنی عمارت آج کہیں نظر نہیں آرہی‘ تحریک انصاف کا موقف مفروضوں پر مشتمل ہے‘ تحریک انصاف کے وکلاء روزانہ اپنا موقف تبدیل کررہے ہیں‘ عمران خان کے پاس کچھ نہیں محض الزامات کے پلندے ہیں‘ جھوٹ کی بنیاد پر بنائے گئے کیس زیادہ دیر نہیں چلتے‘ عمران خان نے عوامی خدمت کا کوئی کام نہیں کیا۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کی مفروضوں پر کھڑی عمارت آج گر گئی۔ تحریک انصاف کی خیالی ستونوں پر مبنی عمارت آج کہیں نظر نہیں آرہی۔ کنٹینر اور پریس کانفرنس کی بنیاد پر عدالتوں میں کیس نہیں لڑے جاسکتے۔ تحریک انصاف کا موقف مفروضوں پر مشتمل ہے کنفیوژن پر سیاست تو کی جاسکتی ہے لیکن کسی سے لڑا نہیں جاسکتا عمران خان کو پتہ چل گیا ہے کہ انہوں نے صرف الزام لگائے ہیں۔ وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمن نے کہا کہ تحریک انصاف کے موقف میں تسلسل نہیں ہے تحریک انصاف کے وکلاء روزانہ اپنا موقف تبدیل کررہے ہیں۔ جھوٹا شخص عوام کی عدالت میں جائے گا تو عوام اسے رد کردینگے۔ تحریک انصاف کے جھوٹے جوابات پر عدالت کو سوالات کرنا پڑے۔ عمران خان کے پاس کچھ نہیں محض الزامات کے پلندے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ جھوٹ کی بنیاد پر بنائے گئے کیس زیادہ دیر نہیں چلتے پانامہ دستاویزات کیس کا جلد نتیجہ آنے والا ہے۔ عمران خان 2018 کے انتخابات الزامات کی بنیاد پر لڑنا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے تو عوامی خدمت کا کوئی کام نہیں کیا۔ (ن غ)
پانامہ لیکس
تحریک انصاف کا موقف مفروضوں پر مشتمل ہے: مریم