اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک نواز شریف عہدے پر ہیں شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں‘ قطری شہزادوں سے دوستی کی قیمت قوم ادا کررہی ہے‘ حکمران تمام باتیں ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں‘ حکومت کی پانامہ کیس کے علاوہ کسی چیز پر توجہ نہیں‘ دستاویزات پاکستان میں تیار کی جارہی ہیں دستاویزات سے ثابت ہورہا ہے کہ مریم نواز بینی فیشل اونر ہیں‘ اصل منی ٹریل اسحاق ڈار کا وہ اعترافی بیان ہے‘ لاہور دھماکے پر رانا ثناء اﷲ کا بیان شرمناک ہے۔ بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدالت میں پیش کی گئی چیزوں میں بہت تضاد ہے۔ میاں شریف اور قطری کی سٹیلمنٹ کے کوئی ثبوت نہیں ہیں ۔ پہلے حسین نواز نے کہا پراپرٹی خریدی اب کہہ رہے ہیں قطری شہزادے نے دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزات پاکستان میں تیار کی جارہی ہیں جو عدالت کہتی ہے تیار کرکے لے آتے ہیں۔ حکمران تمام باتیں ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔ قطری خط سے پتا چلتا ہے کہ کہانی کچھ اور ہے 9ماہ گزر گئے کسی قسم کے ثبوت پیش نہیں کئے گئے۔ عمران خان نے کہا کہ جب تک نواز شریف عہدے پر ہیں شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں۔ قطری شہزادوں سے دوستی کی قیمت قوم ادا کررہی ہے۔ لاہور دھماکے پر رانا ثناء اﷲ کا بیان شرمناک ہے وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ احتجاج کا باعث بم دھماکہ ہوا کل اگر کسی دکان پر دھماکہ ہوجائے تو کہیں گے کہ دکان بند کردو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پانامہ کیس کے علاوہ کسی چیز پر توجہ نہیں عدالت نے کہا ہے کہ یہ ایمانداری کا معاملہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ دستاویزات سے ثابت ہورہا ہے مریم نواز نے نواز شریف کے پیسے سے فلیٹس خریدے شریف خاندان اب تک کوئی منی ٹریل پیش نہیں کرسکا اصل منی ٹریل اسحاق ڈار کا اعترافی بیان ہے۔ (ن غ)
پانامہ لیکس
جب تک نواز شریف عہدے پر ہیں شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں: عمران خان