اسلام آباد (ملت آن لائن)وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز چوتھی مرتبہ آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ، جہاں چار گھنٹے سے زیادہ ان سے سوال جواب کا سلسلہ جاری رہا،پیشی کے بعد حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ چاہتے ہیں خوش اسلوبی سے مرحلہ طے ہوجائے۔جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا آپ سب کا بہت شکر گزارہوں جو اتنی سخت گرمی میں اور روزہ کی حالت میں یہاں موجود ہیں جو سوالات پوچھے جواب دیئے ،دوبارہ بلائیں گے تو جائیں گے۔مجھے جتنی مرتبہ سمن ملیں گے میں اتنی مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتا رہوں گا۔مشرف کے دور میں ہم14 ماہ جیلوں میں رہے بلکہ گواہان بھی جیلوں میں رہے،ہمارے خلاف کوئی ثبوت ہوتا تومشرف کےدور میں سامنے آچکا ہوتا،آج بھی وہ ہی اثاثے ہیں جو مشرف دور میں بھی تھے۔ فلیٹس متنازع نہیں ،سپریم کورٹ میں بیان دیاجا چکا ہے ۔حسین نواز نے اس موقع پر اعلان کیا کہ میرے ساتھ کوئی معاملہ پیش آیاتو نہ صرف عدالت بلکہ عوام کےسامنے بھی لائیں گے۔وزیراعظم کے حوالے سے سوال کے جواب میں حسین نواز نےکہا نواز شریف کو ابھی جے آئی ٹی میں نہیں بلایاگیا،وزیر اعظم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کا درس دیا ہے۔حسین نوازکی چوتھی مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر فیڈریل جوڈیشل اکیڈمی پر سیکیورٹی کےسخت انتظامات تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔حسین نواز آج چوتھی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ، جبکہ گذشتہ روز ان کے چھوٹے بھائی حسن نواز بھی جے آئی ٹی میں پیش ہوئے ، یہ حسن نواز کی پہلی پیشی تھی۔
پانامہ لیکس
جتنی مرتبہ بلایا آئوں گا، خوش اسلوبی سے حل کی خواہش ہے،حسین نواز