پانامہ لیکس

جونیاخیبرنہیں بنا سکے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے:نوازشریف

ڈی آئی خان:(اے پی پی)وزیراعظم نواز شریف ڈیرہ اسماعیل خان میں خوب گرجے ، گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ جو نیا خیبرپختونخوا نہیں بنا سکے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے ۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا ہے ڈی آئی خان آنے کا بڑا شوق تھا ، مولانا فضل الرحمان سے جب بھی ملاقات ہوئی انھوں نے ڈی آئی خان کے مسائل کی بات کی، دل کرتا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل کے لیے کچھ کر کے جاؤں، آج اعلان کرنے نہیں بلکہ کچھ کرنے آیا ہوں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ وقت قریب ہے جب یہاں سے ریلوے بھی گزرے گی ، منصوبہ ہکلہ سے لیارت ملایا جا رہا ہے جو ژوب جائے گا ۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان والے بتائیں نیا پاکستان کہیں نزدیک نزدیک بن رہا ہے ، تم نیا کے پی نہیں بنا سکے نیا پاکستان کیسے بناؤ گے ۔ تم پاکستان کو حاصل کرنے کی بات کر رہے ہو کے پی بھی تمہارے ہاتھ سے نکل رہا ہے ۔ تم کے پی میں بھی ضمنی الیکشن ہار گئے ہو ۔ ان کا کہنا ہے کہ مخالفین کے نصیب میں دھرنے ہیں وہ دھرنے کرتے رہیں، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے ۔ وزیراعظم نوازشریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا ۔ وزیر اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈ کا بھی اعلان کیا ۔ گیس کی فراہمی کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیلوں کو 770 ملین روپے کا اعلان کیا گیا ۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے 65 فیصد وفاق اور 35 فیصد نئے پاکستان والی حکومت دے گی ۔ ان کا کہنا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبہ 120 ارب کی لاگت سے تیار ہو گا ۔ ان کا کہنا ہے کہ 2018 میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی اور عوام کو سستی بجلی مہیا کی جائے گی ۔