پانامہ لیکس

جہانگیر ترین نے ایک ارب 674 ملین کے تحفے بیوی بچوں میں بانٹے: محمد زبیر، دانیال عزیز

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں محمد زبیر عمر اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے ایک ارب 674 ملین کے تحفے بیوی بچوں میں بانٹے ‘ وہ تحائف بانٹنے کے ماسٹر ہیں ‘ ہم نے عدالت میں ثابت کر دیا کہ مریم نواز زیر کفالت نہیں ہیں ‘ التوفیق کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کا نام نہیں ہے ‘ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعظم کا ایف آئی اے نے بیان لیا ‘ کسی خاندان کی آج تک اس طرح سکروٹنی نہیں ہوئی ‘ 40سال پرانے ثبوت مانگے جا رہے ہیں، عمران خان پاکستان کی سیاست پر کالا دھبہ ثابت ہوئے ہیں وہ خود بیرونی فنڈنگ کا حساب کیوں نہیں دیتے، عمران دوسروں کیلئے گڑھے کھودتے ہیں اور ان میں خود ہی گرتے ہیں ۔ وہ جمعرا ت کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر ممککت نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ پانامہ پیپرز کیس میں 30 سے 40 سال پرانے ثبوت مانگے جا رہے ہیں ‘ کسی خاندان کی آج تک اس انداز میں سکروٹنی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے کاغذات 100 فیصد درست ثابت ہونگے۔ تحریک انصاف عدالت میں غیر مصدقہ شدہ کاغذات پیش کر رہی ہے۔ ہماری طرف سے جمع کروائے گئے کاغذات میں منی ٹریل کی تفصیل موجود ہے۔ محمد زبیر نے کہاکہ 40 سال کی پوری منی ٹریل بھی عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ دوبئی جدہ اور لندن سب جائیدادوں سے متعلق منی ٹریل کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ مریم نواز کا تعلق صرف ٹرسٹی کے طور پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز زیر کفالت نہیں ہے اور وہ آمدنی پر ٹیکس ادا کرتی ہیں۔ مسلم لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہاکہ ڈیڑھ ارب سے زائد کے تحفے جہانگیر ترین نے اپنے خاندان میں بانٹے ۔ عمران خان کی طرف سے پاکستان کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا جا رہا ہے۔ 300 کنال کے گھر میں رہنے والا غریبوں کی بات کرتا ہے۔ وہ الزامات لگانے کے بعد معافیاں مانگتے ہیں۔ ان کو اپنے ساتھ کھڑا چور نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست پر کالا دھبہ ثابت ہوئے ہیں وہ خود بیرونی فنڈنگ کا حساب کیوں نہیں دیتے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں یکم اور 13 فروری کو عمران خان کے کیسوں کی سماعت ہو گی اور جعل سازی کی وجہ سے جھوٹے مقدمات میں رسوا ہونگے۔ اس لئے وہ بیرونی فنڈنگ کا حساب دینے سے بھاگ رہے ہیں اور عدالت کے بار بار کہنے کے باوجود عدالت میں منی ٹریل پیش نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے اب تمہیں پکڑ پکڑ کر لانا ہے۔ تم دوسروں کیلئے گڑھے کھودتے ہو ان میں خود ہی گرتے ہو۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شتریف کے تحفے ان کے ٹیکس ریٹرنز میں واضح ہیں۔ جہانگیر ترین نے اپنے باورچی اور مالی کے نام پر کاروبار کئے۔ عمران خان کو اپنی بغل میں کھڑا چور نظر ہی نہیں آتا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ تم اپنا سامان باندھ لو اور تیاری کرو۔ ہم نے ت وہ بھی کھول کر دکھا دیا جس کے متعلق کہا گیا تھا کہ یہ تو ثابت ہو ہی نہیں سکتا۔ عمران خان اب تمہاری بات ہے۔