پانامہ لیکس

جے آئی ٹی ارکان پاناما کیس نیب ریفرنسز میں گواہ بنیں گے

جے آئی ٹی ارکان پاناما کیس نیب ریفرنسز میں گواہ بنیں گے

نیب نے 4 ریفرنسز کی تیاری شروع کر دی، ریفرنسز میں تحقیقات کرنے والے 6 افسران کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا: ذرائع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاناما کیس میں اہم پیشرفت، ذرائع کے مطابق نیب ریفرنسز میں جے آئی ٹی کے 6 ارکان کو مرکزی گواہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاناما کیس کے سلسلے میں نیب نے 4 ریفرنسز کی تیاری شروع کر دی جس میں جے آئی ٹی کے 6 ارکان کو مرکزی گواہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گواہان کی فہرست میں واجد ضیا ء، عرفان نعیم منگی، عامر عزیز، بلال رسول، نعمان سعید اور کامران خورشید شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریفرنسز میں تحقیقات کرنے والے ان 6 افسران کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا۔ واضح رہے پاناما کیس کے معاملے کی تحقیقات کے لئے سپریم کوٹ کے تین رکنی بنچ نے واجد ضیا کی سربراہی میں کمیٹی بنائی تھی جس میں عرفان نعیم منگی، عامر عزیز، بلال رسول، نعمان سعید اور کامران خورشید بھی شامل تھے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے 6 مئی کو کام شروع کیا، اس دوران تحقیقاتی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ سمیت 23 افراد سے تفتیش کی تھی۔

……………
قومی اسمبلی کا اجلاس، عائشہ گلالئی بھی شریک ہوں گی

قومی اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفہ کے بعد آج دوبارہ ہوگا، اجلاس میں تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی بھی شرکت کریں گی ۔

اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا جس میں جمعہ کے روز پیش کیا جانے والا وقفہ سوالات بھی دوبارہ لیا جائے گا ۔

عائشہ گلالئی رواں اجلاس میں پہلی مرتبہ آئیں گی جہاں وہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے اہم بیان بھی دیں گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں معمول کا ایجنڈا نمٹایا جائے گا جبکہ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر سابق رہنما پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی کے الزامات کے حوالے سے بھی گفتگو کا امکان ہے ۔

توقع ہے کہ اجلاس میں عائشہ گلالئی، عمران خان کے خلاف سنگین الزامات کے بارے میںبھی تبصرہ آرائی کریں گی۔

اس سے قبل عائشہ گلالئی کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر پولیس نے مسلح محافظ فراہم کردیئے ہیں۔ وہ قومی اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی کی تشکیل پر قومی اسمبلی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر سردار ایاز صادق کا شکریہ بھی ادا کریں گی۔

عائشہ گلالئی نے اس امر پر افسوس کااظہار کیاہے کہ عمران خان اپنے سوشل میڈیا ونگ کوان کے خلاف گندگی اچھالنے اور اشتعال پیدا کرنے کےلئے استعمال کررہے ہیں۔