پانامہ لیکس

حکومت پاناما لیکس کی دلدل میں پھنس چکی؛ سراج

ملتان: (ملت+آئی این پی)امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاناما لیکس کی دلدل میں پھنس چکی ہے،نکل نہیں سکتی۔ہم چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس کا فیصلہ عدالت میں ہو،چوکوں،چوراہوں میں عدالتیں لگانا خطرناک ہوگا۔جمہوریت کی گاڑی ڈی ریل نہیں ہونی چاہیے۔عدالتوں سے مایوس نہیں، امید ہے عدالت صحیح فیصلہ کرے گی۔پاناما لیکس کیس کا آخر میں فیصلہ عوام کریں گے۔کرپشن اور حکومت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی۔حکمرانوں نے غلطیاں کی ہیں، بیانات میں تضادات ہیں، سب سے پہلے وزیراعظم اور ان کے ٹولے کا احتساب ہونا چاہیے۔عدالت کے فیصلے سے سیاست میں ہلچل پیدا ہوگئی۔نیب کے چئیرمین کی تقرری چاروں صوبوں کے چیف جسٹس کریں ۔ملتان آمدپرجماعت اسلامی کے مرکز دارالسلام پل موج دریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس کا فیصلہ عدالت میں ہو۔جب چوکوں اور چوراہوں میں عدالت لگ جاتی ہے تو بہت خطرناک ماحول بنتا ہے۔مہذب اور سیاسی راستہ عدالت کا ہے۔عدالت میں جلسوں کی ضرورت نہیں،دلائل کی ضرورت ہے۔ہم پرامید ہیں کہ عدالت صحیح فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بار بار کہا کہ اداروں میں کرپشن ہے۔اس کرپشن کی وجہ سے سٹیل مل ہرمہینے چار ارب سے زیادہ خسارے میں جارہی ہے۔حکومت اسے فروخت کرنا چاہتی ہے۔عدالتوں میں ثابت کرنا پڑے گا کہ کرپشن میں کون کون شامل ہے۔حکومت آئین پرعمل نہیں کررہی،حکومت پاناما لیکس میں خود ملوث ہے۔لوگوں نے پیسہ کمایا اور باہربھیج دیا۔کرپشن اور حکومت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی۔ جماعت اسلامی اسٹیٹس کو کیخلاف ہے۔ہم کرپشن فری پاکستان تحریک چلارہے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ نیب چئیرمین کی تقرری وزیراعظم اور اپوزیشن نہ کریں۔نیب چئیرمین کی تقرری چاروں صوبوں کے چیف جسٹس کریں۔پہلے مرحلے میں وزیراعظم اور اس کے ٹولے کااحتساب کیا جائے،دوسرے مرحلے میں ان سب کا احتساب جنہوں نے ماضی میں حکومتیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ شہر تقسیم ہوگئے ہیں،غریب اور امیرکا شہر الگ الگ ہے۔غریب اور امیر کا ہسپتال الگ الگ ہوگیا ہے۔واپڈا غریب کا میٹر اتار کر لے جاتی ہے۔شوگر مل مالکان کے تین کروڑ کے بل ہیں،ان کا کچھ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ جنوبیپنجاب کا ملک کی ترقی میں بہت بڑا کردار ہے لیکن یہاں لوگوں کے چہروں پرمایوسی ہے۔حکمرانوں کوعوام کی فکر نہیں،اپنی ضروریات پوری کررہے ہیں۔استحصال سے احساس محرومی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرینڈالائنس کا مقصد واضح نہ ہو تو جلسے ،جلوسوں کاکوئی فائدہ نہیں ہے۔اس موقع پرجماعت اسلامی کے صوبائی رہنما چوہدری عزیرلطیف اور امیرجماعت اسلامی ملتان سٹی میاں آصف اخوانی بھی موجود تھے۔