پانامہ لیکس

حکومت پانامہ لیکس کے حوالے سے کمیشن کا اعلان کرکے پھنس گئی:شیخ رشید

اسلام آباد (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت پانامہ لیکس کے حوالے سے کمیشن کا اعلان کرکے پھنس گئی ہے‘ حکومت کا اخلاقی جواز ختم ہوچکا ہے‘ چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا‘ سیاسی جماعتیں ساتھ دیں نہ دیں عوام معاملہ پر عمران خان کا ضرور ساتھ دیں گے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے چیف جسٹس کی سربراہی میں پانامہ لیکس کے حوالے سے کمیشن نہ بنایا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔ دنیا میں سب سے بڑا بجٹ پاکستانی سربراہ حکومت کا ہے۔ رائے ونڈ نواز شریف کا ذاتی گھر ہے تو وہاں پر سرکاری وسائل کیوں خرچ کئے جارہے ہیں۔ عمران خان نے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنانے اور وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ حکومت پانامہ لیکس کے حوالے سے کمیشن کا اعلان کرکے پھنس گئی ہے اور ان کے پاس حکومت کرنے کا اخلاقی جواز ختم ہوچکا ہے۔ اگر چیف جسٹس کی سربراہی میں جو کمیشن بنایا جائے گا اس کی قانونی اخلاقی حیثیت ہوگی کوئی ساتھ دے نہ دے عوام عمران خان کا ضرور ساتھ دے گی۔ (ن غ/ و خ)