پانامہ لیکس

حکومت کے پاس منی ٹریل کے کوئی ثبوت نہیں: صمصام علی شاہ

اوکاڑہ (ملت + آئی این پی) پی ٹی آئی کے سینئر راہنما و سابق وزیر مملکت اطلاعات سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا ہے کہ جس طرح حکمران ٹولہ پانامہ لیکس کی کرپشن ظاہر ہونے پر آپے سے باہر ہوکر ہمیں ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کر رہا ہے اور ہمیں براہ راست دھمکیاں دی جارہی ہیں اس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ ان کے پاس منی ٹریل کے کوئی ثبوت نہیں ہیں اور اپنے خلاف فیصلہ آنے پر دوسروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سید صمصام علی شاہ بخاری نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا کہ ہم کسی کی دھمکی میں آنے والے نہیں ہیں ۔ ہمیں عوامی طاقت کی بھرپور حمایت حاصل ہے ہم جھوٹ کو جھوٹ اور سچ کو سچ کہیں گے ہم کرپٹ اور پانامہ لیکس کی کرپشن میں ملوث حکمرانوں کا پیچھا کرتے رہیں گے اور انہیں کرپشن اور لوٹ مار کرنے پر کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔حکمران اپنے آپ کو آئین اور قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں جبکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے ۔ قانون ہر کسی فرد کے لیے خواہ وہ حکومت کا حکمران ہو یا ایک عام شہری، یکساں ہوتاہے۔ حکمرانوں نے پارلیمنٹ کو مذاق بنا رکھا ہے۔پارلیمنٹ میں کچھ کہتے ہیں اور عدالت میں اس کے برعکس کہتے ہیں۔ حکمران یاد رکھیں سدا بادشاہی اللہ کی ہے ۔ کرپشن ، لوٹ مار اور دھونس دھاندلی پر بادشاہت زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی۔