پانامہ لیکس

دھرنے والے قوم کو تقسیم کرنے کے درپے ہیں ، شہباز شریف

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ ایک طرف پاکستان کا ازلی دشمن سرحدوں کی خلاف ورزی کررہا ہے تودوسری جانب ناعاقبت اندیش سیاسی عناصراسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دے کر ملک سے دشمنی کر رہے ہیں۔ لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترقی،خوشحالی اور امن چاہتے ہیں، انتشار،افراتفری اور دھرنے دینے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، یہ سیاسی عناصر صرف ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے دھرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان سیاسی عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔ منفی سیاست کے علمبرداروں کوملک وقوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ اس نازک موقع پرقوم کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کی جا رہی ہے۔