اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی ہے ، آج ہونے والی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل فواد چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے پیسوں سے جائیدادیں خریدی گئیں ، ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے دوران ریمارکس کہا کہ عدالت سچ تک رسائی کیلئے کوئی بھی راستہ اختیار کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیلسن اور نیسکول کے معاملات کو منروا کنٹرول کر رہا ہے ، مریم نواز شریف کے پاس اتنی رقم نہیں کہ وہ ان کے معاملات کو دیکھ سکیں ، ان کے اخراجات نواز شریف کے گرد گھومتے ہیں ۔ ایڈووکیٹ نعیم بخاری نے کہا کہ کیس میں اپنے دلائل پیر تک مکمل کر لوں گا جس کے بعد عدالت کیلئے فیصلہ کرنا آسان ہوجائے گا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کیس کی سماعت کے موقع پر کہا کہ ہمیں کیس جیتنے کیلئے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی ، کیس میں پی ٹی آئی نے خود ہی ایسی غلطیاں کی ہیں کہ حکومت کا کام آسان ہوگیا ہے ۔