پانامہ لیکس

سپریم کورٹ بار کاپانامہ لیکس کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد:(اے پی پی)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پانامہ لیکس کا معاملہ اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، ایسوسی ایشن حکومت پاکستان سے بھی بین الاقوامی ٹاسک فورس کی تشکیل کا مطالبہ کرے گی۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے جامع لائحہ عمل تیار کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کے وکلا ءپر مشتمل اہم باڈی نے دستاویز تیار کی اور اس کے ٹی او آرز کو حتمی شکل دے دی ہے۔ آف شور کمپینز کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ بار حکومت سے بین الاقوامی ٹاسک فورس کی تشکیل کا مطالبہ کرے گی یہ ٹاسک فورس قومی و عالمی فرانزک ،بینکنگ اور دیگر ماہرین پر مشتمل ہوگی، ٹاسک فورس میں پاکستان ،پانامہ، برطانیہ اور تمام متعلقہ ممالک کے نمائندگان شامل ہوں گے،تحقیقاتی امور میں معاونت کے حصول کیلئے اقوام متحدہ سے بھی مدد مانگی جائے گی۔