پانامہ لیکس

شاہد خاقان عباسی نے بھی اقامے کا اعتراف کرلیا

اسلام آباد(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے متحدہ عرب امارات کا اقامہ حاصل کر رکھا ہے۔

نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اقامے کا اعتراف کرلیا تاہم انھوں نے اپنے کفیل کا نام بتانے سے گریز کیا ہے اور کمپنی کا نام بھی نہیں بتایا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کشمالہ طارق نے پارلیمینٹ میں لاجز میں میرا فلیٹ کرایہ حاصل کر رکھا ہے، فلیٹ کا کرایہ سی ڈی اے وصول کرتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے اقامہ سے متعلق جھوٹ بولا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف سیالکوٹ کے مافیا ہیں، ن لیگ اقامہ پارٹی میں تبدیل ہوتی جارہی ہے۔

عثمان ڈار نے نے کہا کہ خواجہ آصف بتائیں کہ ان کی اہلیہ ہاؤسنگ اسکیم میں کروڑوں روپے کہاں سے لگارہی ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر خواجہ آصف سے منی ٹریل طلب کی گئی تو یہ بھی عربی خط لے آئیں گے۔

اس موقع پر پارٹی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ان کی پارٹی وفاقی وزرا کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کروائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو کوئی خطرہ نہیں، یہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تاثر دیتی ہے کہ یہ گئی تو سی پیک خطرے میں پڑجائے گا، سی پیک کا آئیڈیا مشرف دور میں آیا اور پیپلز پارٹی کے دور میں بھی کام ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف دبئی میں ایک کمپنی کے چیئرمین ہیں۔