کوہاٹ:(آئی این پی) کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کرپشن نہیں کی تو مسلم لیگ (ن) پاناما لیکس کے معاملے کیوں ڈر رہی ہے؟ اس معاملے کو اتنا طول کیوں دیا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر نواز شریف 4 سوالوں کے جواب دیدیں تو معاملہ ختم ہو جائے گا لیکن اگر وزیراعظم کا احتساب نہ ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے آفر کی کہ ایک ہی ٹی او آر پر میرا اور نواز شریف کا احتساب کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اقتدار میں آئے تو ایک فیکٹری تھی لیکن بعد میں 28 ہو گئیں۔ مغرب میں کوئی بھی شخص برسر اقتدار آ کر اپنی ذات کو فائدہ نہیں پہنچا سکتا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو ایسی لیڈرشپ چاہیے جو اپنے اثاثے ڈکلیئر کرے اور قوم سے سچ بولے۔ کرپٹ لیڈر معاشرے کو تباہ کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک جو اسلام کے نام پر بنا تھا۔ ہم اقتدار میں آ کر علامہ اقبال کے خواب کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ہم ایک عظیم قوم بنیں گے۔ دنیا سے قرضے نہیں مانگیں گے۔ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے کہ لوگ یہاں نوکریاں ڈھونڈنے آیا کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بہت طاقت دی ہے کہ وہ جو کرنا چاہے، ہو سکتا ہے لیکن اس کیلئے محنت اور جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔
پانامہ لیکس
شریفوں کےاحتساب کےبغیرپیچھےنہیں ہٹیں گے: عمران