اسلام آباد(ملت آن لائن)قومی احتساب بیورو نے شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے سعودی حکومت کو خط لکھ دیا۔نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں سمیت دیگر کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں۔
ذرائع کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز سمیت دیگر کے اثاثوں کی تمام تفصیلات سعودی حکومت سے مانگ لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں سعودی حکومت سے عزیزیہ مل کی خرید و فروخت کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔
شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز قائم کرنے کیلئے 2 ٹیمیں تشکیل
ذرائع کے مطابق نیب نے سعودی حکومت سے مل کی خریداری کے لئی ادائیگی کے ذرائع کی تفصیلات بھی مانگی ہیں اور خط میں کہا گیا ہے کہ تمام تفصیلات 30 اگست تک فراہم کردی جائیں۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ایم این اے کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کے خلاف راولپنڈی/اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرے گا اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انہیں 6 ماہ میں ان کا فیصلہ کرنا ہے۔
نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کے لیے دو ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔