پانامہ لیکس

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں خامیوں کا انکشاف

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں خامیوں کا انکشاف ، ذرائع
اسلام آباد(ملت آن لائن)نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز میں خامیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ اپارٹمنٹ اور عزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں کچھ صفحات کے نمبر غلط ہیں جب کہ بعض صفحات پر نمبر ہی درج نہیں ہیں۔

اس کےعلاوہ کچھ ریفرنسز میں کچھ دستاویزات اضافی اور کچھ ضروری دستاویزات نہیں لگائی گئی ہیں۔

دوسری جانب نیب نے شریف خاندان کے خلاف اضافی دستاویزات اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرادی ہیں۔
شریف خاندان اور اسحاق ڈار کی جائیداد نیب ریفرنس سے منسلک، ذرائع

نیب کی جانب سے اضافی ریکارڈ 8 باکسز میں احتساب عدالت لایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب نے گزشتہ دنوں ریفرنس میں وہ کاپیاں نہیں لگائی تھیں جو ملزمان کو دینی ہیں تاہم آج ان کاپیوں کے ساتھ دیگر اضافی دستاویزات بھی لگائی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز کی تفصیلی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے جو 14 ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا اور ریفرنسز میں تکنیکی معاملات کو دور کرکے ہی اسے عدالت بھیجا جائے گا۔
شریف خاندان اوراسحاق ڈار کے خلاف تمام ریفرنسز منظور ہوگئے ، ترجمان نیب

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے گزشتہ روز نیب کے ریفرنسز نامکمل قرار دیتے ہوئے نیب کو ضروری دستاویزات لگانے کا حکم دیا تھا جبکہ نیب ترجمان نے تمام ریفرنس منظور ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔