پانامہ لیکس

عائشہ گلالئی کے مکان کو تالا لگا دیا گیا

عائشہ گلالئی کے مکان کو تالا لگا دیا گیا

اسلام آباد.. عائشہ گلالئی نے کہا ہے عمران خان کو معافی کی پیشکش کا مطلب یہ نہیں میرے پاس ثبوت نہیں‘ اپنے والد اور اپنا فون فرانزک ٹیسٹ کیلئے پیش کرتی ہوں۔ کمیٹی میں سب سامنے آجائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی امیر مقام اور گورنر خیبر پی کا موبائل بھی رکھ لے۔ پارلیمانی کمیٹی میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ صباح نیوز کے مطابق صباح نیوز کے مطابق عائشہ گلالئی وزیر نے کہا عائشہ احد ملک کی فریاد پی ٹی آئی کو اب نظر آئی ہے۔ فردوس عاشق اعوان اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے ساتھ بیٹھ کر منصوبے کے تحت پریس کانفرنس کرائی۔ اندازہ ہوا تحریک انصاف والے کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے پورے مافیا کا مقابلہ کر رہی ہوں۔ فواد چودھری گھٹیا زبان استعمال کرنے والے شخص ہیں، ایسی بات پر انہیں شرم آنی چاہئے اور معافی مانگنی چاہئے کیا وہ خواتین کو پیغام دے رہے ہیں ان کے ساتھ ایسا کچھ ہو جائے تو وہ خاموش ہو جائیں۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں عائشہ گلالئی نے کہا عائشہ احد کے ساتھ کوئی ایسا کام ہوا ہے تو ان کے ساتھ میری پوری ہمدردی ہے۔ میں چاہتی ہوں اسے انصاف ملے۔ میں نے اکیلے پریس کانفرنس کی تھی۔ آج تک میرے ساتھ کوئی پارٹی موجود ہے نہ کوئی شخص موجود ہے۔آن لائن کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی فیملی پشاور سے اسلام آباد منتقل ہو گئی ہے جبکہ عائشہ گلالئی کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سیکورٹی کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیاگیا ہے‘ تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کلیرنس کے بعد انہیں کیپٹل سٹی پولیس دو اہلکار کی خدمات فراہم کریگی۔ ان کی چھوٹی بہن اور بین الاقوامی کھلاڑی ماریہ طور پہلے سے ہی اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں اور حیات آباد میں ان کے گھر پر تالہ لگا دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا پشاور شہر میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر عائشہ کی والدہ، والد اور گھر کے تین سے زائد مزید افراد گزشتہ روز پشاور سے اسلام آبادمنتقل ہو گئے ہیں‘ تاہم ان کی اسلام آباد منتقلی کے حوالے سے عائشہ گلالئی نے لاعلمی کا ا ظہار کیا ہے۔