پانامہ لیکس

عمران اور جہانگیر نے استثنیٰ مانگ لیا؛ دانیال

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نے الیکشن کمیشن سے استثنیٰ مانگ لیا ہے، وہ پاکستان اوراداروں کی تباہی چاہتے ہیں۔ بدھ کو الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن میں جواب دینے سے بھاگ رہے ہیں، وہ ملک، پارلیمنٹ، معیشت اور اداروں کی تباہی چاہتے ہیں اور پاکستان کے وقار کو یہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی عمران کی اپنی باری آتی ہے تو حکم امتناعی اور جواب دینے سے بھاگتے ہیں، آج عمران خان اور جہانگیر ترین نے الیکشن کمیشن سے استثنیٰ مانگ لیا ہے لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بنی گالا میں جائیداد کی خریداری کے منی ٹریل دینے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالا کے حوالے سے ایوان میں جھوٹ بولا جبکہ اس میں راشد خان کا نام آ رہا ہے۔