عمران خان نے شیخ رشید کو وزیراعظم نامزد کر دیا
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے مقابلے میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طورپر شیخ رشید کا نام دیدیا۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزیراعظم کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طور پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا نام پیش کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیراعظم کیلیے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے لایا جائے۔
دوسری جانب اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے لانے کے لئے تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں۔
عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کل جب تاریخی جلسے میں عوام اللہ کا شکر ادا کرے گی تو نواز شریف کو اندازہ ہو گا کہ قوم سیاسی طور پر باشعور ہو چکی ہے اور ان کے جھوٹ سے بے وقوف بننے والی نہیں۔
……………
وہ منصوبے جن کا نواز شریف افتتاح نہ کرسکے
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف منصوبوں کے افتتاح کا ایک طویل سلسلہ مکمل نہ کرسکے۔
ان منصوبوں میں سے ایک اہم منصوبہ رواں سال دسمبر میں پاکستان کو ‘لوڈ شیڈنگ فری’ ملک قرار دینے کا منصوبہ بھی تھا۔
1200 میگاواٹ کا بلوکی پاور پراجیکٹ وہ پہلا منصوبہ ہے جس کا افتتاح نواز شریف نہ کرسکے، اس پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب 31 جولائی کو طے کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ بلوکی پاور پراجیکٹ کے افتتاح کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں جبکہ مہمانوں کو دعوت نامے بھی روانہ کیے جاچکے تھے۔
31 جولائی کے بعد 2 یا 3 اگست کو نواز شریف نے 4320 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کرنی تھی۔