پانامہ لیکس

عمران خان پاناما کیس کے حوالے سے عوام اور میڈیا میں بھی عدالت لگائے ہوئے ہیں،طارق فضل

اسلام آباد ۔ 07 نومبر (ملت + اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حسن نواز شریف،حسین نواز شریف اور مریم نواز شریف کی جانب سے عدالت عظمی میں جوابات جمع کرا دئے گئے ہیں۔ پیر کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسی بھی الزام پر ایک وقت میں ایک ہی عدالت میں کیس کیا جاتا ہے جبکہ عمران خان پاناما کیس کے حوالے سے عدالت عظمٰی میں بھی ہیں اور احتجاج اور دھرنوں کی صورت میں عوام اور میڈیا میں عدالت لگائے ہوئے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان کی سب سے بڑی عدالت میں کھڑے ہیں ہمارے پاس شواہد موجود ہیں جنہیں عدالت عظمی میں پیش کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لگائے گئے الزامات مسترد ہوں گے اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کامیاب ہوں گے۔