انوشہ رحمان:(ملت+اے پی پی) نے کہا کہ عمران خان کی ہٹ دھرمی کے باعث کیس مزید تاخیر کا شکار ہوا۔ تحریک انصاف ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ پاناما کیس کی سماعت کے بعد وزیر مملکت برائے آئی ٹی اے ٹیلی کام انوشہ رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے عدالت میں آج جو بدتہذیبی کی وہ بے مثال ہے ، یہ چاہتے ہیں کہ جو فیصلہ عمران خان سنائے قوم اس پر تسلیم خم کرے ، عمران خان تو شاید بھول گئے کہ کیس تھا کیا؟ وزیرمملکت کا کہناتھا کہ ہم کام کرنا چاہتے ہیں ایک شخص کی ہٹ دھرمی ترقی کو روک رہی ہے،یہ نہ پاکستان کے عوام کو مانتے ہیں نہ اداروں کو مانتے ہیں ،آپ کے نزدیک سیاست جھوٹ ہوگی ہمارے لیے سیاست عبادت ہے۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ عدالت میں واضح کیا کہ وزیراعظم کی تقاریر میں کوئی تضاد نہیں،وکیل نے کاغذات اور قانون کی روشنی میں بتایا کہ مریم وزیراعظم کے زیرکفالت نہیں۔سپریم کورٹ کے سامنے عمران خان کے الزامات کا بھرپور جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ عدالت میں ثبوت لائیں گے توکہاں ہیں وہ ثبوت؟جو فوٹو کاپیاں انہوں نے لگائی کیا وہ شہادتیں ہیں؟ سیاسی تقریر کا مطلب یہ نہیں کہ جھوٹ بولا جائے۔ وزیر مملکت نےمزیدکہا کہ سپریم کورٹ کمیشن بنائے یا خود کیس سنے ہمیں دونوں قبول ہیں ۔ اس موقع پرمسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان پہلے کمیشن کی بات کرتے رہے، اب کمیشن بننے پر بائیکاٹ کی دھمکی دے رہے ہیں۔
پانامہ لیکس
عمران خان کی ہٹ دھرمی سےکیس تاخیر کا شکار ہوا،انوشہ