پانامہ لیکس

عمران کےاثاثے قوم کےسامنے ہیں،جھوٹےالزامات بھونڈی سازش ہے:نعیم الحق

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سیاسی بصیرت سے ذاتی کردار تک کسی بھی سطح پر نواز شریف عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔ عمران خان قوم سے سچ بولتے ہیں اور نواز شریف جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں ۔ عمران خان کے اثاثوں سے پوری قوم واقف ہے نواز شریف کے اثاثوں کی کسی کو خبر نہیں ۔ عمران خان کے ذرائع آمدن کا سب کو علم ہے جبکہ نواز شریف کا کسی کو کچھ پتہ نہیں ۔ ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان باہر سے زرمبادلہ قانونی ذرائع سے پاکستان لائے نواز شریف قومی خزانہ لوٹ کر منی لانڈرنگ سے پیسہ باہر بھیجتے رہے عمران خان نے برطانیہ میں کرکٹ کھیل کر اپنے نام پر کمپنی قائم کی ،نواز شریف نے کرپشن کرکے بچوں کے نام پر کمپنیاں بنائیں، عمران خان کی کمپنی برطانیہ میں کرکٹ سے پیسے کما کر برطانیہ میں فلیٹس خریدنے کیلئے قائم کی گئی تھی جبکہ نواز شریف کی کمپنیاں پاکستان رہتے ہوئے کرپشن اور ٹیکس چوری کے پیسوں سے پانامہ لیکس میں قائم کی گئی، عمران خان نے اپنی کمپنی بیچ کر ساری دولت قانونی ذرائع سے پاکستان منتقل کی، نواز شریف کی کمپنیاں آج بھی قائم ہیں اور قومی خزانہ لوٹ کر پیسہ باہر بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے، عمران خان باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرکے قومی خزانہ کو فائدہ پہنچاتے رہے ہیں جبکہ نواز شریف ٹیکس چوری کرکے قومی وسائل لوٹ رہے ہیں ، عمران خان کے مکمل اثاثے پارٹی کی ویب سائٹ پر جبکہ نواز شریف کی جھلکیاں پانامہ لیکس میں ہیں ، عمران کا پانامہ میں ذکر تک نہیں نواز شریف اور ان کی پوری اولاد کے نام پانامہ لیکس میں سرفہرست ہیں ،پانامہ پیپرز کی تحقیقات کا مطالبہ بطور اپوزیشن قائد عمران خان کا فرض ہے عمران خان پر جھوٹے الزامات نواز شریف کی بھونڈی سازش ہے