پانامہ لیکس

عمران 2018 تک ویڈیو گیم ہی کھیلیں گے :مریم

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان 2018 تک ویڈیو گیم ہی کھیلتے رہیں گے ۔ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل کیس میں اپنے دلائل دے رہے ہیں ، وکیل نے آج ایک ایسا فیصلہ سنایا جو عمران خان کے بارے میں تھا ، مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران نے کہا کہ میں نے الیکشن سے پہلے جو کچھ کیا اس کا جواب دینا میرے لئے ضروری نہیں ، عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم سے ان کے والد کا 1973 والے کاروبار کا حساب مانگ رہے ہیں جو ہم نے فراہم کیا ، اس کیس کے بعد 2018 تک وہ ویڈیو گیم ہی کھیلیں گے ، وہ مریم نواز سے ڈر رہے ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم سے آج تک جھوٹ نہیں بولا ، آج عدالت میں ہمارے پہلے وکیل نے دلائل دیئے جس میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی تقریر میں کوئی تضاد نہیں ، لیکن عمران خان بغیر کسی ثبوت کے مطالبہ کریں کہ وزیر اعظم کو برطرف کر دیا جائے ایسا نہیں ہوسکتا ۔ عمران خان کو کنٹینر پر کیس لڑنے کی عادت نہیں ، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم ایک بار پھر واضح کر دیں کہ نواز شریف کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے اس موقع پر کہا کہ موسم کے ساتھ ساتھ عمران خان کے ارمان بھی ٹھنڈے ہو رہے ہیں ۔ کپتان روزانہ بی بی سی کا راگ الاپ کر خود کو سچا ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، کاش عمران خان نے حسین نواز کا جواب پڑھا ہوتا تو انہیں عدالت آنے کی ضرورت نہ ہوتی ۔ طلال چودھری نے کہا کہ عدالت آ کر عمران آنکھیں نہیں اٹھا سکتے کیونکہ عدالت میں انہوں نے جھوٹ جمع کرا رکھا ہے ۔ عمران خان کی جانب سے عدالت میں ثبوت نہیں بلکہ ردی کی کتابیں جمع کرائی گئی ہیں ۔ طلال چودھری نے کہا کہ کتنے جھوٹ بولیں گے ، اب تک نواز شریف سے ڈرنے والے اب مریم نواز سے بھی ڈرتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ عوام الزام کو ووٹ نہیں دیتی ، الزام عوامی عدالت سے ہارا ، کام 2018 میں بھی جیتے گا ، نواز شریف کا پاناما کیس میں نام شامل نہیں ، عمران خان جتنی بھی کوشش کر لیں اس سال ان کے جھوٹ کو زوال آئے گا ، ایک ایک چیز کا جواب عدالت اور عوام کی عدالت میں دیں گے ۔