پانامہ لیکس

قومی اسمبلی؛ خورشید شاہ اورعمران اظہارخیال کریں گے

اسلام آباد(آئی این پی)پاناما لیکس پرقومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس جاری۔ واک آؤٹ کرنے والی اپوزیشن نے حکومت کی سن لی اوراب اپوزیشن اپنی سنائے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ٹرمز آف ریفرنس بنانے کیلئے اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کرلیا ہے۔ ایاز صادق نے خورشید شاہ کو فون کر کے آج دوپہر حکومتی نمائندوں اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق کے ساتھ مذاکرات کی دعوت دی۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد حکومت سے مذاکرات کا فیصلہ کریں گے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر بالا آخر عمران خان کا انتظار ختم ہونے جارہاہے۔ آج قومی اسمبلی میں کپتان دھواں دار خطاب کریں گے۔ تیز باونسر زکی تیاری مکمل کرلی۔ کچھ تو اپنی صفائی دیں گے اور کچھ حکمرانوں کے معاملات سے بھی پردہ اٹھائیں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین اپنی مکمل ٹیکس ریٹرن اور اثاثہ جات کی تفصیلات بھیایوان کے سامنے رکھیں گے اورقومی اسمبلی کو اپنی آف شور کمپنی اور فلیٹ کی فروخت بارے بھی آگاہ کریں گے۔ یہی نہیں کپتان شریف فیملی کی آف شور کمپنیوں کےکاغذات بھی ایوان کو دکھائیں گے۔جبکہ ایسی آف شور کمپنیوں کی تفصیلات بھی سامنے لائیں گےجن سے شریف فیملی کے ممبران کا بلاواسطہ تعلق ہے۔ شریف فیملی کے کس ممبر کی زیر ملکیت کمپنی کی کیا حقیقت ہے،عمران خان اس پر بھی ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔ کپتان نیسکول لمیٹیڈ اور نیلسن انٹرپر ائزنامی آف شور کمپنیوں کی رجسٹریشن کے کاغذات بھی اسمبلی میں لائیں گے-