لاہور (ملت + آئی این پی) پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان کی احتجاج کی کال کو مسترد کرد یا ہے‘ عمران خان ہو یا شیخ رشید، کسی کو دفعہ 144 توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے اور جو بھی جلسے کیلئے آئے گا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا جائے گا‘ کس وقت کتنی فورس استعمال کرنی ہے اس کا فیصلہ انتظامیہ موقع پر کرے گی، صرف ایک سڑک پر رکاوٹیں ہیں جس کیلئے معذرت خواہ ہیں، باقی شہر کھلا ہے ‘ لوگوں کو اکسانے والے کو قانون کے دائرہ کار میں لاناریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم رکھیں گے‘ قوم عمران خان کے جھوٹ سے تنگ آچکی ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو قانون کے دائرہ کار میں لائیں‘ آئین اور قانون میں رہتے ہوئے اسلام آباد کو بند کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے ‘ راولپنڈی کا چوہا خود کو بہت بڑا لیڈر کہتاہے جو مغلظات بکنے کے بعد دوبارہ بل میں چلا گیا ہے۔جمعہ کے روز لاہور میں پر یس کا نفر نس سے خطاب میں زعیم حسین قادری نے کہا کہ جمعرا ت کو ہی شیخ رشید رات12بجے لال حویلی سے غائب ہو گئے اور وہ مغلظات بکنے کے بعد دوبارہ بل میں چلے گئے ہیں‘شیخ رشید آئین پامال کرتے ہوئے اسلام آباد بند کرنے کی پلاننگ کر رہے تھے لیکن قوم نے پاکستان کو بند کرنیوالوں کو سبق سکھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اکسانے والے کو قانون کے دائرہ کار میں لاناریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم رکھیں گے اسلام آباد میں کچھ جگہوں پر اکا دکا کارکنوں نے نعرے لگائے اور چلے گئے‘ قوم عمران خان کے جھوٹ سے تنگ آچکی ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو قانون کے دائرہ کار میں لائیں اور پو لیس سمیت دیگر اداروں نے بر وقت کاروائی کر کے آئین اور قانون میں رہتے ہوئے اسلام آباد کو بند کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان نے عوام کے بنیادی حقوق پامال کرنے کی سازش کو آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔ شیخ رشید کے متعلق سوال کے جواب میں زعیم حسین قادری نے کہا کہ چوہا جب بل میں گھستا ہے تو ایک بل سے منہ نکالتا ہے اور پھر دوسری سے، شیخ رشید باتیں مت کریں بلکہ جلسہ کر کے دکھائیں۔ وہ دفعہ 144 توڑنے کے بلند و بانگ دعوے کر رہے تھے لیکن انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ناشتہ کرنے سے دفعہ 144 نہیں ٹوٹتی‘ عمران خان ہو یا شیخ رشید، کسی کو دفعہ 144 توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے اور جو بھی جلسے کیلئے آئے گا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال تین دن کیلئے دفعہ 144 کا اطلاق کیا گیا ہے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ حالات کے مطابق درخواست کرے گی اور پھر محکمہ داخلہ اس کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا۔
پانامہ لیکس
قوم نے عمران خان کی احتجاج کی کال مسترد کرد ی: زعیم قادری