پانامہ لیکس

مسلم لیگ( ن) اخلاقی لحاظ سے شکست سے دوچار ہو چکی: لیاقت بلوچ

لاہور (ملت + آئی این پی) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) اخلاقی لحاظ سے شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔وزراء حکومتی ساکھ بحال رکھنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پرالزام تراشیاں اور پگڑیاں اچھال کر سیاست میں تلخیوں کا آغاز کررہے ہیں ،حکمران سی پیک کے نام پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مشکوک رپورٹ عدالت پر اثر انداز ہونے کی ناکام کوشش ہے،دفعہ62/63کو ختم کرنے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،پوری قوم امید بھری نظروں سے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے،سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کی سیاست کا رخ متعین کرے گا،جماعت اسلامی 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش اور ولولے سے منائے گی،فاٹا سے ایف سی آر کا خاتمے اور فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کے فیصلہ پر فوری طور پر عمل درآمد کروایا جائے ۔ وہ جمعرات کو یہاں المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار فیصل آباد میں مرکزی امیر میاں محمد اسلم،ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان،نائب امیر محبوب الزماں بٹ ،رائے اکرم کھرل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا روز اول سے یہ موقف ہے کہ ہر کرپٹ شخص کو قانون کے دائرہ میں لایا جائے اور سب کا بے لاگ اور کڑا احتساب ہو،سپریم کورٹ ایک ایسا بااختیار کمیشن قائم کرے جو بلا امتیاز تحقیقات کرے اور احتساب کے بارے میں پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کے لئے سفارشات بھی مرتب کرے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین سے مارواء کسی اقدام پر یقین نہیں رکھتی، گولی اور بندوق کی بجائے عوام کی رائے سے حکومتوں کی تبدیلی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے،سپریم کورٹ سمیت پوری قوم اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جماعت اسلامی کا دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہے اور اور اگردفعہ 62/63 پر عمل درآمد ہو توصرف جماعت اسلامی کی قیادت ہی اس میعار پر پورا اترے گی،جماعت اسلامی کو یقین ہے کہ پاکستان کے عوام ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کو آگے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کی کرپشن کی گونج اب عالمی اداروں تک جا پہنچی ہے،کرپشن ،سفارش،میرٹ کی پامالی اور بے روزگاری نے پوری قوم کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ایسے میں ٹرا نسپیرنسی کی رپورٹ پر کوئی بھی یقین نہیں کرے گا، پانی کے ٹینکوں سے کروڑوں روپے برآمد ہو رہے ہیں ،میگا پراجیکٹس میں کمیشن کھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران قوم کو سی پیک کے نام پر نیا لولی پاپ دے کر بہلانے کی کوشش کررہے ہیں ،پاک چین دوستی پر پوری قوم کو فخر ہے لیکن امریکہ کی گود سے نکل کر 45ارب ڈالر کا نیا اقتصادی بوجھ قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ 2017میں ملک بھر میں بھرپور عوامی رابطہ مہم کے ذریعہ عوام کوکرپشن کے خلاف ایک سیسہ پلائی دیوار بنایاجائے گا تاکہ ملک پر مسلط استحصالی نظام سے عوام کی جان چھوٹ سکے۔ 2018کے انتخابات میں جماعت اسلامی ملک بھر میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام سے بھی اپنا انتخابی رویہ بدلیں اور ملک کو کنگال کرنے والے ڈاکوؤں کو سر پر بٹھانے کی روش چھوڑ کر دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں ۔