بٹگرام:(اے پی پی) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے انکشافات کے فوراً بعد ہی نواز شریف نے ملک میں ایک ہزار منصوبوں کا اعلان کردیا ہے لیکن وہ بتائیں کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے پیسے کہاں سے لائیں گے۔ بٹ گرام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی نواز شریف پر پاناما لیکس کے الزامات سامنے آئے انہوں نے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئےملک میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا، لیکن وہ بتائیں کہ اب ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے پسے کہاں سے آئیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نئے خیبرپختون خوا میں صحت، تعلیم سستی بجلی اور دیگر تمام سہولیات ہوں گی، کرپٹ حکمران ملک کو ٹھیک نہیں کرسکتے، لاہور میں صرف 27 کلومیٹر اورنج لائن ٹریک پر 200 ارب روپے مختص کردیئے گئے جب کہ ہم صرف 5 ارب روپے میں ساڑھے 3 لاکھ لوگوں تک سستی بجلی پہنچائیں گے۔ ہمارا ایک سال میں 350 مائیکرو ہائیڈل پروجیکٹس لگانے کا منصوبہ ہے جب کہ 2018 تک ایک ہزار مائیکرو اسٹیشن کھولے جائیں گے۔ جس سے 10 لاکھ افراد کو سستی بجلی ملے گی۔ ان مائیکرو اسٹیشنز سے دیہات کے لوگوں کو 2 سے چار روپے فی یونٹ کے حساب سے بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی اور ان پاور اسٹیشنز کو مقامی لوگ ہی چلائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تیل اور کوئلے سے بننے والی بجلی سب سے زیادہ مہنگی ہے چین نے کوئلے کے پاوراسٹیشنز بند کردیئے ہیں جبکہ پنجاب میں اب کوئلے کے پاور اسٹیشنز لگائے جارہے ہیں ، پانی سے پیدا ہونے والی بجلی سستی ہونے کے ساتھ موحولیات کے حوالے سے بہترین ہے جن علاقوں مں بجلی نہیں ہے وہاں چشموں اور پہاڑوں سے بہنے والے پانی سے سستی بجلی دے سکتے ہیں۔
پانامہ لیکس
نوازشریف؛منصوبوں کیلیےرقم کہاں سےآئی:عمران