پانامہ لیکس

نوازشریف نے آف شور کمپنیوں سے متعلق غلط بیانی کی:لطیف کھوسہ

اسلام آباد:(آئی این پی)پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے آف شورکمپنیوں سے متعلق غلط بیانی کی۔یہ کمپنیاں مریم اور حسن نواز کی نہیں بلکہ خود انہی کی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ذاتی معاملات کیلئے سرکاری ٹی وی کاپلیٹ فارم استعمال کیا۔انہوں نے کہاشریف خاندان کے ممبران کا یہ بیان غلط ہے کہ سعودی عرب میں سٹیل مل فروخت کرکے لندن میں فلیٹس خریدے گئے۔حالانکہ پارک لین میں 1993 اور1995 میں فلیٹس خریدے گئے تھے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ وزیراعظم نے کاغذات نامزدگی میں آف شور کمپنیاں ظاہرنہیں کیں،انہوں نے آف شورکمپنیوں سے متعلق غلط بیانی کی،جب آف شورکمپنیاں بنائی گئیں اس وقت حسن نوازاورمریم نوازکم عمرتھے۔آف شور کمپنیوں کے اصل مالک وزیراعظم نوازشریف ہیں۔