پانامہ لیکس

نواز شریف کے ہوتے ہوئے آزادانہ تحقیقات ممکن نہیں: فواد چودھری

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے آزادانہ تحقیقات ممکن نہیں‘ تمام وزراء کا کام صرف ایک شخص کی کرپشن بچانا ہے‘ جعلی طریقے سے ریکارڈ بنا کر عدالت میں پیش کیا جارہا ہے‘ شریف خاندان قانون کے ساتھ مذاق کررہا ہے‘ یہ جتنی چزیں لائیں گے اتنا پھنستے جائیں گے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ حکومتی وزراء کے بعد عربیوں کی فوج بھی بھی سامنے آگئی ہے۔ عربیوں کی فوج کا کام جعلی دستاویزات فراہم کرنا رہ گیا ہے۔ نواز شریف کے ہوتے ہوئے آزادانہ تحقیقات ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزراء کام چھوڑ کر سپریم کورٹ میں موجود ہ ہوتے ہیں۔ تمام وزراء کا کام صرف ایک شخص کی کرپشن بچانا ہے۔ ہماری اطلاع ہے کہ قطر سے مزید خط بھی آرہے ہیں۔ جعلی طریقے سے ریکارڈ بنا کر عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت کو (ن) لیگی رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لینا چاہئے۔ (ن) لیگ کے رہنما کس طرح عدالت کو ڈکٹیٹ کرسکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عارف علوی نے کہا کہ شریف خاندان قانون کے ساتھ مذاق کررہا ہے۔ منروا ہولڈنگ میں موجود نمبرز نواز شریف کے ہیں۔ یہ جتنی چیزیں لائیں گے اتنا پھنستے چلے جائیں گے۔ (ن) لیگ کے پاس عدالت کے کسی سوال کا جواب نہیں ہے۔