پانامہ لیکس

نیب کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے’ چیئرمین نیب

اسلام آباد ۔ 04 فروری (ملت+ اے پی پی) چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے تاہم اس کے لئے اسے معاشرے کے ہر طبقہ کا تعاون درکار ہے کیونکہ کسی ایک ادارے یا حکومت کی طرف سے کوششوں سے ایسا ممکن نہیں ہے اس کے لئے دانشور طبقہ، میڈیا، عوام کو اس لعنت کے خاتمہ کے لئے آگے آنا ہوگا نیب کی کاوشوں کی وجہ سے عالمی اقتصادی فورم میں پاکستان کی عالمی مسابقتی درجہ بندی 126سے 122تک آگئی ہے جو بڑی کامیابی ہے، نیب کے تمام ریجنز کی کارکردگی کی نگرانی کے لئے کیو جی ایس سسٹم متعارف کرا رہے ہیں۔ ہفتہ کو چیرمین نیب قمرزمان چوہدری سے عالمی اقتصادی فورم کی شراکت دار کمپنی مشعل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر جہانگیر نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں کے درمیانعالمی اقتصادی فورم میں پاکستان کی گلوبل انڈکس میں عالمی مسابقتی درجہ بندی 126سے 122تک آنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان کو یہ کامیابی نیب کی کاوشوں کی وجہ سے ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے تمام رینکس کی جانب سے محنتسے اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کی جارہی ہیں، بالخصوص2014 کے بعد سے اسے ایک بار پھر تقویت دی گئی، اور اس کی تنظیمی خامیوں کا جائزہ لیا گیا اور اس کے تمام ستونوں اور شعبہ جات کو دوبارہ فعال بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ نیب کے ادارے کو ایک بار پھر سے مزید بااختیار بنانے کی غرض سے کئی سٹرٹیجک اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،نیب کے تمام ریجنز کی کارکردگی کی نگرانی کے لئے کیو جی ایس سسٹم متعارف کرا رہے ہیں، اس کے آفیسروں اور سٹاف کے احتساب کے لئے انٹرنل احتساب منیجمنٹ سسٹم کام کر رہا ہے ایک ویب کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور ایویلیشن سسٹم پر بھی عملدرآمد کیا جارہا ہے،ہر تفتیشی آفیسر کا کام تمام اعلی آفیسران کی نظروں کے سامنے ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ احتساب کا ایک اعلی درجے کا میکنزم معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور استحکام کے لئے ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے آغاز سے ہی کرپشن کے خلاف جنگ میں نفاذ کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے دوسری طرف سارک ممالک کے انسداد بدعنوانی سے متعلقہ حکام کے ساتھ سارک اینٹی کرپشن فورم کے قیام کی تجویزپربات چیت کا آغاز کیا اور اس سال کے آغاز میں ان حکام کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں اس فورم کے قیام کی اس تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ یہ حکومت اور نیب دونوں کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے، پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ انسداد بدعنوانی کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ہیں ،سی پیک منصوبوں کے تناظر میں اس تعاون سے اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے ساتھ بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تجویز ہے جس کی تفصیلات پر کام ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے تاہم اس کے لئے اسے معاشرے کے ہر طبقہ کا تعاون درکار ہے۔ کسی ایک ادارے یا حکومت کی کوششوں سے ایسا ممکن نہیں ہے اس کے لئے دانشور طبقہ، میڈیا، عوام کو اس لعنت کے خاتمہ کے لئے آگے آنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ نیب کرپشن سے پاک پاکستان کے کاز کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گا۔