اسلام آباد (آئی این پی) پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز تیار کرنے والی کمیٹی کے اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک کی تفصیلات پیر کو عوام کے سامنے رکھیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر قوم کو اعتماد میں لیں گے،حکومت ٹی او آرز پر کسی بھی قسم کی پیشرفت سے گریزاں ہے، اگر وزیراعظم ملزم نہیں تو انہیں کس بات کا ڈر ہے۔ جمعہ کو اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے چیمبر میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ٹی او آرز کے معاملے پر ڈیڈ لاک سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، پیر کو سہ پہر 3بجے اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کر کے تمام حقائق سے قوم کو آگاہ کریں گے اور اس معاملے پر آئندہ کی حکمت عملی کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم بار بار کہتے ہیں کہ پانامہ لیکس پر تحقیقات کریں، وزیراعظم احتساب کرانا لیکن درباری انہیں بچانا چاہتے ہیں، حکومت ٹی او آرز پر کسی بھی قسم کی پیشرفت سے گریزاں ہے، اگر وزیراعظم نواز شریف ملزم نہیں تو انہیں کس بات کا ڈر ہے۔(اح)
پانامہ لیکس
ٹی اوآرزپرڈیڈ لاک کی تفصیلات عوام کےسامنےرکھیں گے: خورشید