پانامہ لیکس

پامانا لیکس: وزیر اعظم کی اہلیت لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور(ملت + آئی این پی) سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری کی سیاسی جماعت کے بعد پانامہ لیکس کی بنیاد پر تحریک انصاف نے بھی وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں یہ آئینی درخواست تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کی کرپشن کا پانامہ لیکس میں انکشاف ہوا، پانامہ لیکس کے تمام ثبوت لگا کر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس دائرکیا گیا لیکن سپیکر نے یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانیکی بجائے مسترد کر دیادرخواست میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس مسترد کرنے کا اختیار نہیں، وزیر اعظم آئین کے آرٹیکل 62 اور63 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں اور اب صادق اور امین نہیں رہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہیکہ سپیکر قومی اسمبلی کا وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کا حکم کالعدم کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو نواز شریف کی نااہلی کا حکم دیا جائے۔ یادرہے کہ اسی معاملے پر سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری کی سیاسی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک بھی درخواست دائر کر چکی ہے جس میں ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر رکھا ہے۔