پانامہ لیکس

پاناما:اپوزیشن کا مسلسل پانچویں روزقومی اسمبلی سے واک آؤٹ

اسلام آباد(آن لائن) اپوزیشن نے جمعہ کے روز بھی مسلسل پانچویں روز قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کیا اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ پانامہ لیکس کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کا جواب پارلیمنٹ میں ہی دیں ۔ وزیراعظم کی ایوان میں غیر حاضری پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور واضح طور پر اعلان کیا کہ وہ اس وقت تک ایوان کی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے جب تک وزیراعظم ایوان میں حاضر نہیں ہوں گے جمعہ کے روز قومی اسمبلی اجلاس سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن رکن نوید قمر نے کہا کہ اپوزیشن کا متفقہ فیصلہ ہے کہ جب تک پانامہ لیکس کے حوالے سے عائد الزامات کا جواب وزیراعظم خود نہیں دینگے اس وقت تک اپوزیشن ایوان کی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گی اپوزیشن کی خواہش ہے کہ پارلیمنٹ کی توقیر کو برقرار رکھا جائے وزیراعظم پارلیمنٹ کے ذریعے ملک کے اہم عہدہ تک پہنچے ہیں انہیں الزامات کا جواب ہی پارلیمنٹ میں دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ وزیراعظم سے سوالات اٹھانے کا حق رکھتی ہے اور وزیراعظم اپوزیشن کے سات سوالوں کے جوابات بھی پارلیمنٹ کے فورز پر دینے کی پابند ہے سوال کرنا ہررکن پارلیمنٹ کا استحقاق ہے نوید قمر نے اپوزیشن کے متفقہ فیصلہ کا اعلان سناتے ہی ایوان سے واک آؤٹ کر گئی سردار ایاز صادق نے وزیر ریاض پیرزادہ اور برجیس طاہر کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن کو ایوان میں واپس لانے پر آمادہ کریں لیکن اپوزیشن نے کارروائی کا حصہ بننے سے انکار کردیا اس موقع پر امجد خان نے کورم کی نشاندہی کردی کورم کم ہونے پر سپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا تاہم ایک گھنٹہ کے بعد کورم پورا ہونے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا جس میں معمول کی کارروائی عمل میں لائی گئی